وزیراعظم نے نچلے طبقے کو ’اوپر‘ پہنچانے کا انتظام کردیا، مریم اورنگزیب

79

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نچلے طبقے کو ’’اوپر‘‘ پہنچانے کیلیے آٹا چینی بجلی پیٹرول گیس کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچادی گئیں، واہ عمران صاحب نچلے طبقے کو ’’اوپر‘‘ لانے کیلیے 50 لاکھ لوگ بے روزگار کردیے، نچلے طبقے کو اوپر لانے کیلیے اے ٹی ایمز، مافیاز اور کارٹلز کو ان پر مسلط کردیا، ملک میں بے روزگاری کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، نچلے طبقے کو اوپر لانے والے نے 2 کروڑ لوگوں کو خط غربت سے نیچے پہنچا دیا۔ پیر کو وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کیوں جھوٹ بولتے ہیں؟ یہ وقت بھی آنا تھا کہ 50 لاکھ گھر عوام کو نمائش کی تصویروں میں دکھائے جا رہے ہیں، نمائش میں تصویریں دکھا کر کسے دھوکا دے رہے ہیں؟ 90 دن میں کرپشن ختم ہونا تھی لیکن ملک میں عمران صاحب کرپشن کا سونامی لے آئے، 200 ارب ڈالر جنہوں نے باہر سے لانے تھے، انہوں نے ملک پر 16000 ارب کا قرض لاد دیا، وزیراعظم ہائوس کو یونیورسٹی بننا تھا، اب اس کے کمرے کرائے پر دینے کا اعلان ہو رہا ہے، عمران صاحب کو عوام کی فکر نہیں کیونکہ عمران صاحب نے الیکشن بیچنا ہوتا ہے لڑنا نہیں ہوتا۔