ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) میرپور ساکرو کے قریب قدیمی جھیل چھچھ میرانخور پر بااثر افراد کی جانب سے قبضہ کرکے بند لگانے کیخلاف چھچھ میرانخور کے متاثر ماہی گیروں کا مکلی پر عبداللہ منچھرو میر بحر قاسم منجھرو میر بحر کی رہنمائی میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصے سے غیر مقامی بااثر افراد نے چھچھ میرانخور جھیل پر قبضہ کرنے کی کوشش کرکے ہمیں وہاں سے بیدخل کرنا چاہتے ہیں مگر کچھ دن پہلے کراچی کے رہائشی بااثر شخص ریحان کی جانب سے چھچھ میرانخور جھیل پر قبضہ کرکے بڑی مشینری کے ذریعے جھیل کے چاروں طرف چار بند لگاکر قبضہ کرنے کے ساتھ اپنے مسلح افراد کھڑے کردیے ہیں جو ہمیں جھیل پر جانے نہیں دیتے اور نہ روزگار کرنے دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے روزگار کا واحد ذریعہ یہ جھیل ہے جہاں قبضہ کرکے بااثر افراد ہمیں بے دخل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کی شکایت محکمہ فشریز کے تمام بالا افسران کو دی گئی مگر ابھی تک قبضہ خوروں کیخلاف کوئی بھی کارروائی نہیں ہوسکی، یہ قبضہ خور ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیکر خونریزی کرانا چاہتے ہیں انہوں نے بالا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قبضہ خوروں کے خلاف فوری کارروائی کرکے جھیل پر ہونے والے قبضے کو خالی کراکر ہمارے روزگار کا ذریعہ بچایا جائے اور ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے دوسری جانب سندھ ملاح فورم یوتھ ونگ میرپور ساکرو کے رہنمائوں عبدالکریم اللہ بخش میرانی، خدابخش ملاح، غلام حسین میربحر، شفیع محمد کرنانی ملاح۔جمعہ ملاح اور دیگر قدیمی جھیل چھچھ ساڑکو جھیل پر ہونے والے قبضے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھچھ میرانخور جھیل ماہی گیروں کے روزگار کا ذریعہ ،ہے جس پر کوئی قبضہ برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے قبضہ گیروں سے قبضہ خالی کراکر ماہی گیروں کا روزگار بچاکر ان کو دھمکیاں دینے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے بصورت دیگر سخت احتجاج کیا جائے گا۔