اوکاڑہ (صباح نیوز )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلا ول زرداری نے کہا ہے کہ پوری قوم کی زندگیاں دائو پر لگی ہو ئی ہے پی ٹی آئی منافقت کی سیاست کر رہی ہے کسی وقت بھی الیکشن کا بگل بج سکتا ہے ۔اِن خیالات کا اِظہار انہوں نے پی وائی او لاہور ڈویژن کے سابق صدر اظہار الحق طور ایڈووکیٹ کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔بلاول نے کہا کہ وسطی پنجاب کے جیالے تیاری کریں، اِن شاء اللہ جلداپنے کارکنوں سے ملاقات کروں گا، بالخصوص ناراض و پرانے جیالوں سے خصوصی ملاقات ہو گی، مو جودہ حکومت کے ترقیاتی کاموں کی قلعی کھل گئی،اسلام آباد کی تباہی اس با ت کا ثبوت ہے ،کل تک مہنگائی کوناسور کہنے والا آج خود عوام کو مہنگائی کے دلدل میں پھنسادیا ہے، لاہور میں تو لاک ڈائون کورونا وائرس پھیلائو کو روکنے کے لیے لگایا گیا، سند ھ میں کورو نا وائرس کے لیے پی ٹی آئی تمام اقدامات کی مخالفت کر رہی ہے کیوں یہاں پر انسان نہیں بستے؟ پی ٹی آئی زندگیوں سے کھیلنا بند کر ے اگر خدانخواستہ پی ٹی آئی کی ریشہ دوانیوں کی بدولت ہم بھا رت کی طرح ہوجائیں تو کون ذمے دار ہو گا ؟۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تما م ناراض کارکنان کو منائیں میں ان شاء اللہ جلد وسطی پنجاب کا دورہ کروں گا اور ناراض جیالوں اورتمام کارکنان سے ملاقات کروں گا تمام عہدیداران گھر گھر جاکر شہید بی بی رانی کا پیغام پہنچائیں ۔