سکھر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، اسلام الدین شیخ

144

سکھر (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اسلام الدین شیخ نے کہا ہے کہ سکھر کی ترقی اور بہتری کے لیے ہم نے ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔ سینیٹ ہو، قومی یا سندھ اسمبلی ہر دور میں سکھر کے لیے آواز بلند کی، آج بھی سکھر میں ترقیاتی منصوبوں پر کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نامور تاجر حق ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی ملک محمد رضوان الحق کی قیادت میں ملنے والے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسلام الدین شیخ کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک کو مہنگائی، بے روزگاری، بھوک، غربت و افلاس کے علاوہ عوام کو کچھ نہیں دیا، لوگ مہنگائی کی وجہ سے خودکشی کررہے ہیں اور عمران خان کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں ہے۔ اسلام الدین شیخ نے کہا کہ سکھر کے شہریوں اور تاجروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں، تاجر برادری کو ہمارے ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے، ان کے مسائل حل ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا۔ ملک رضوان الحق نے اسلام الدین شیخ کو سکھر کی تاجر برادری کے مسائل سے آگاہ کیا۔