لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) سندھ کے دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ میں بھی کورونا وباء کے پیش نظر صبح سے لے کر دوپہر تک جزوی لاک ڈائون رہا جبکہ ضلعی انتظامیہ نے اسسٹنٹ کمشنر احمد علی سومرو کی سربراہی میں اینٹی انکروچمینٹ پولیس اور میونسپل عملے کے ہمراہ شہر کے بندر روڈ، پاکستانی چوک، ریشم گلی، جناح باغ چوک سمیت دیگر اہم کاروباری مراکز کا دورہ کرکے پولیس کی مدد سے کھلی ہوئی دکانیں بند کروا دیں، جس دوران تاجروں اور پولیس کے درمیان ہاتھ پائی بھی ہوئی تاہم تاجر رہنماؤں نے پہنچ کر معاملے کو حل کردیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد علی سومرو کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی جانب سے صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد 8 اگست تک مکمل لاک ڈائون کا اعلان کیا گیا جس پر عملدرآمد کے لیے شہر کے اہم کاروباری مراکز کا دورہ کرکے کھلی دکانیں بند کرکے تاجروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی دکانیں بند کرکے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بناکر اپنی نقل و حرکت محدود کریں بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔