میری زندگی کو خطرہ ہے،گھبرانے والا نہیں ہوں،شیخ رشید

277

راولپنڈی(آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میرا بس چلے نور مقدم قتل کے ملزم کو گولی مار دوں،میری جان کو خطرہ ضرور ہے لیکن گھبرانے والوں میں سے نہیں، حکومت کے آخری 2سال صرف غریبوں کے لیے کام کروں گا۔ راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عام انتخابات اپنے وقت پر 2023ء میں ہوں گے،سیاست دان ہمیشہ ایسی باتیں کرتے ہیں کہ 8 ماہ میں الیکشن ہونے ہیں، انہیں سمجھ آنی چاہیے پی ٹی آئی بہتر پوزیشن میں آرہی ہے، مستقبل میں سندھ میں بھی حکومت بنائیں گے، میں نے بہت پہلے کہا تھا کہ (ن) سے (ش) نکلے گی، آزاد کشمیر انتخابات میں بھی کہہ دیا تھا کہ پیپلز پارٹی دوسرے جب کہ (ن) لیگ تیسرے نمبر پر ہوگی اور ویسا ہی ہوا، آزاد کشمیر کا وزیر اعظم کون ہوگا یہ وزیر اعظم عمران خان ہی کو پتا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی نے جن ٹیکسیوں میں سفر کیا ان کے ڈرائیوروں کو چھوڑ دیا گیا ہے، یہ سب بے گناہ ہیں اور یہ کل 6 لوگ تھے،ان کے گھر میں روٹی نہیں ہے، صبح نکلتے ہیں اور شام کو کما کر گھر پہنچتے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ جس دن افغان وزیر خارجہ آئیں گے انہیں تمام دستاویزات پیش کریں گے، افغان سفیر کی بیٹی نے 6 ٹیکسی ڈرائیوروں کو ادائیگی کے ساتھ ٹپس بھی دیں، وزارت خارجہ کو تمام ریکارڈنگ اور دستاویزات دے دی ہیں،میں ذاتی طور پر انہیں کچھ نہیں دے سکتا، یہ وزارت خارجہ کا کام ہے۔ انہوں نے سابق سفارت کار کی بیٹی نور مقدم کے قتل سے متعلق کہا کہ مقتولہ کے مجرموں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے‘میرا بس چلے تواس کو گولی ماردوں۔شیخ رشید نے میڈیا کو مخاطب کرکے کہا کہ جو پاگل لوگ ایسے جرائم کرتے ہیں انہیں زیادہ کوریج نہ دیں۔انہوںنے سندھ میں لاک ڈاؤن سے متعلق کہا کہ سندھ میں لاک ڈاؤن کرکے صوبائی حکومت اپنا نقصان خود کرے گی،انہیں وزیر اعظم کے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی نقل کرنی چاہیے،لئی ایکسپریس بن گئی تو سیاست سے ریٹائر ہوجاؤںگا۔