مہنگی ترین ایل این جی خریدنا حکومت کی نااہلی ہے ‘شہباز شریف

160

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خریدنے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مہنگی ترین ایل این جی خریدنے کی عالمی میڈیا کی تصدیق سے اپوزیشن کا موقف سچ ثابت ہوگیا ہے کہ موجودہ حکمران نااہل ہیں‘ حکومت قوم سے مسلسل غلط بیانی کرتی رہی‘ مسلم لیگ (ن) نے جو ایل این جی8 ڈالر ایم ایم بی ٹی یو پر خریدی، پی ٹی آئی کی حکومت 15 ڈالر ایم ایم بی ٹی یو پر خرید رہی ہے ‘ ایل این جی کا ایک جہاز منگوانے پر حکومت 22.5 ملین ڈالر اضافی ادا کر رہی ہے‘ ایل این جی کے4 جہازوں کی آمد پر95 ملین ڈالر اضافی ادا کرنے پڑیں گے‘ رواں ماہ عوام کو ایل این جی کی فی ایم ایم بی ٹی یونٹ15 ڈالر ادا کرنا پڑیں گے جو ظلم ہے ‘ کورونا کی شدت کے دوران سستے ایل این جی معاہدے دستیاب تھے لیکن پی ٹی آئی نے دانستہ تاخیر کی‘ مسلم لیگ (ن) نے کورونا کی شدت کے دوران سستی ایل این جی خریدنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ ٹرافیگورا کمپنی نے تحریری طور پر سستی ایل این جی کی پیشکش کی تھی جسے حکومت نے قبول نہ کیا ۔