لاہور (آن لائن) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کورونا کی نئی لہر لمحہ فکر ہے، تعلیمی ادارے کھول کر بچوں اور والدین کی زندگیوں سے نہ کھیلیں، کورونا سے بچائو کیلیے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر، چیئرمین ایجوکیشن فائونڈیشن پنجاب، رکن صوبائی اسمبلی سردار آفتاب اکبر اور چیئرمین ملک عبدالمنان سے ملاقات میں کیا، اس دوران حلقہ این اے 65، پی پی 23 اور پی پی 24 کے مسائل کے حل کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے، ایسے میں تعلیمی اداروں کو کھول کر عوام کو اس میں مبتلا نہ کریں، کورونا کے باعث دنیا سمیت پاکستان کی معیشت تباہ حال ہے، ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلیے سب کو مل کر چلنا ہوگا۔