لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹا، گھی اور چینی کی قیمتوںمیں اضافہ ، زرعی ملک ہونے کے باوجود اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے ایک لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی اجازت ایک طرف جبکہ دوسری جانب عوام حکمرانوں کی آنی جانیاں دیکھ رہے ہیں۔ حکمرانوں کے طوفانی دوروں اور محض زبانی جمع خرچ سے عوام کو ریلیف نہیں مل سکتا۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاہے کہ چند گھنٹوں کی بارش سے دارالحکومت اسلام آباد سیلاب کی نذر ہوگیا ، دیگر علاقوں میں بھی صورتحال گھمبیر ہے مگر مجال ہے کہ انتظامیہ اپنی مجرمانہ غفلت کو تسلیم کرے بلکہ الٹا اپنی ناقص کارکردگی کا ملبہ بھی عوام پر ڈال کر بری الذمہ ہونا چاہتے ہیں۔ طوفانی بارشوں کی پیشگی اطلاعات کے باوجود حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری ، مہنگائی نے عوام کا بر ا حال کردیا ہے۔ 22کروڑ عوام سے کیے گئے وعدوں میں کوئی ایک وعدہ بھی تکمیل تک نہیں پہنچا۔ المیہ یہ ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس اہل افراد اور وژن کی کمی ہے۔ وزیر اعظم صبح جو وعدہ کرتے ہیں شام میں اس پر یوٹرن لے لیتے ہیں۔ تبدیلی کے نام پر بر سر اقتدار آنے والی حکومت بھی بے نقاب ہوچکی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کریں بصورت دیگر ان کا انجام بھی ماضی کی حکومتوں جیسا ہوگا۔