اسد قیصر سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ کی ملاقات‘باہمی تعاون پر اتفاق

166

اسلام آباد(آئی این پی )اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دونوں برادر ممالک کے عوام کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے آذربائیجان اور پاکستان کے مابین براہ راست پروازوں کو چلانے کی ضرورت پر زور دیاہے ۔گزشتہ روز اسپیکر کی سربراہی میں پاکستان کے پارلیمانی وفد سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ ، جیہون بیراموف نے ملاقات کی۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسد قیصر نے آذربائیجان کو آرمینیا سے اپنے علاقوں کو آزادی دلوانے پر وزیر خارجہ کو
مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کی بھر پور حمایت کرتا ہے اور کاراباخ معاملے پر آذربائیجان کے موقف کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔ اسپیکر نے خاص طور پر دونوں ممالک کے طلبہ کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ دونوں ممالک کے ممتاز تعلیمی اداروں کو مشترکہ تحقیق اور ڈگری پروگراموں کے ساتھ طلبہ اور اساتذہ کے تبادلے کے لیے بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے ۔ آذربئجان کے وزیر خارجہ نے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کرنے پر اسپیکر اسد قیصر کا شکریہ ادا کیا اور ان کی پیش کردہ تجاویز کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آذربائیجان نے جموں و کشمیر کے معاملے پر پاکستان کے موقف کی بھر پور حمایت کرتا ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے تمام بین الاقوامی سطح پر اپنی حمایت جاری رکھے گا۔