بحرین کے ساتھ اقتصادی و تجارتی روابط بڑھانا چاہتے ہیں،شاہ محمود قریشی

416

منامہ(صباح نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بحرین کے ساتھ اقتصادی وتجارتی روابط بڑھانے کے متمنی ہیں۔پاکستان، وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اقتصادی ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ یہ بات انہوں نے منامہ میں بحرین کے ولی عہد، نائب سپریم کمانڈر اور وزیر اعظم شہزادہ سلمان بن حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کے موقع پر کہی۔دفتر خارجہ کے مطابق بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات اور علاقائی
صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ کو بحرین کے وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے مبارکباد دی اوردورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے بحرین کی تعمیر و ترقی میں، یہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تعمیری کردار کی تعریف کی ۔انہوں نے بحرین کی دفاعی و سیکورٹی استعداد کی ترقی میں پاکستان کی معاونت کو سراہا۔