اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے بیلاروس کے اپنے ہم منصب سے ملاقات کی ہے ،دونوں رہنماﺅں نے باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تجارت اور دفاعی افواج کے مابین رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بیلاروس کے ہم منصب سے ملاقات کے دوران پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان دو طرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں بیلاروس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان اور بیلاروس کی دفاعی افواج کے مابین رابطوں کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے افغانستان میں امن کی کوششوں کو آسان بنانے کے لیے پاکستان کے عزم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے پاس کوئی عسکری ڈیزائن نہیں ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ اس منصوبے سے خطے میں امن ، استحکام اور معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔