راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد کی بنیادوں پر قائم ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سےملاقات کی ہے۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور، افغان امن عمل، خطے میں امن و امان کی صورت حال اور امن کے قیام کے لیےکی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستان اور مسلح افواج کی مدد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد کی بنیادوں پر قائم ہیں، دونوں اقوام امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ملاقات کے دوران سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کوسراہا اور امن کے لیے پاکستان کے مخلصانہ کردار کی تعریف کی۔ واضح رہے کہ سعودی وزیر خارجہ گزشتہ روز پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے، انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی۔