وزیراعظم نے شہباز شریف کے ہرجانہ کیس میں جواب جمع کرادیا

240

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیراعظم عمران خان نے شہباز شریف کے ہتک عزت کے دعوے کا جواب لاہور کی سیشن عدالت میں جمع کرادیا۔ عمران خان نے شہباز شریف کی جانب سے دائر دعویٰ خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ رقم کی پیشکش نواز شریف یا شہباز شریف کی طرف سے براہ راست نہیں بلکہ کسی کے ذریعے آئی تھی، عمر فاروق نامی شخص نے بتایا کہ پیشکش ہے، اگر عمران خان پاناما لیکس کی پیروی کرنا چھوڑ دیں تو وہ بھاری رقم دینے کو تیار ہےں، نواز شریف اور شہباز شریف نے ماضی میں ایک آرمی چیف کو بھی بی ایم ڈبلیو گاڑی دینے کی کوشش کی ہے، شہباز شریف کی ایک جج کے ساتھ آڈیو ٹیپ بھی منظر عام پر آ چکی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف کے الزامات ہتک عزت کے دعوے میں نہیں آتے، انہوں نے قانون کے مطابق 60 دن میں کوئی مخصوص نوٹس نہیں بھیجا، بلکہ 8 مئی 2017ءکو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر صرف لیگل نوٹس بھیجا، لہٰذا شہباز شریف کے دعوے کو نہ صرف جرمانے کے ساتھ خارج کیا جائے بلکہ ان سے کونسل کی فیس بھی وصول کی جائے۔