تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے انکشاف کیا ہے اس کے سیکورٹی اداروں نے ملک میں دہشت گردی، تخریب کاری اور جرائم کی خطرناک صہیونی سازش ناکام بناتے ہوئے اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کے جاسوسوں کا ایک نیٹ ورک پکڑا ہے۔ بین الاقوامی خبررساں اداروں کے مطابق ایرانی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار کیے گئے موساد کے ایجنٹوں کے قبضے سے اہم تنصیبات پرحملوں کی منصوبہ بندی ، نقشے اور دیگر اہم دستاویزات ملی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ موساد ایران میں دہشت گردی ، تخریب کاری اور فساد پھیلانے کی سازش کررہی تھی ، جسے ناکام بنا دیا گیا ہے۔دوسری جانب ایرانی رہنما خامنہ ای نے کہا ہے کہ یورپی ممالک ایران کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوہری معاہدے کے معاملے میں مغربی ممالک پر کسی طور اعتماد نہیں کیا جاسکتا۔ صدر روحانی کے بعد آنے والی نئی حکومت چوکنا رہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عن قریب سبکدوش ہونے والی حکومت کا مغربی ممالک بالخصوص امریکا کے ساتھ تجربہ یہی ہے کہ ان پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ آیندہ نسلیں اور حکومت اس تجربے سے سیکھیں اور اس کے مطابق کام کریں۔ خامنہ ای نے کہا کہ اگر مسائل کا حل سمجھوتوں اور معاہدوں سے نکالا جائے، تو تعطل کی ایک کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔ خامنہ ای نے تمام مغربی ممالک کوایران کا دشمن قرار دیا۔ واضح رہے کہ آیندہ ماہ ابراہیم رئیسی ایران کے صدر کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ اس سے قبل ایران میں ہونے والے انتخابات کو دنیا بھر میں متنازع قرار دیا گیا تھا، کیوں کہ اس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے کئی امیدواروں کو معرکے سے قبل ہی نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔ ان میں سابق ایرانی صدر محمودی نژاد بھی شامل تھے۔