لندن ملاقات افغان صدر کی درخواست پر ہوئی‘ شاہد خاقان

113

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیر اعظم، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی کی درخواست پر نواز شریف نے افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر حمداللہ محب سے ملاقات کی تھی۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ یہ دعوت نامہ 5 ماہ قبل آیا تھا‘ ملاقات طے ہونے کے بعد حمد اللہ محب کی طرف سے متنازع بیان سامنے آیا جس کی پاکستان نے مذمت کی اور یہ بہت اچھا ہوا، پورے پاکستان نے اس کی مذمت کی تھی تاہم تعلقات 2 ملکوں کے درمیان ہوتے ہیں نہ کہ 2 شخصیات کے درمیان۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حمداللہ محب وفد کا حصہ تھے جو سفارتخانے کے عہدیداروں، وزرا پر مشتمل تھا اور انہوں نے ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی۔ انہوں نے آزاد کشمیر الیکشن میں مسلم لیگ کی شکست کی وجہ حمد اللہ محب سے نواز شریف کی ملاقات کو ٹھہرانے کے حکومتی دعوے کو مسترد کردیا۔