لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی عام انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کا وقت ختم کوئی ووٹ کاسٹ نہ ہوسکا، لاڑکانہ میں رجسٹرڈ واحد رجسٹرڈ ووٹر خاتون ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشن نہ پہنچیں جبکہ دن بھر انتظار کے باوجود ایل اے 34 جموں ون کے لیے لاڑکانہ میں رجسٹرڈ خاتون ووٹر سمیعہ خاتون پولنگ اسٹیشن نہ آئیں، الیکشن کمیشن نے صرف ایک ووٹر کے لیے نہ صرف مکمل انتظامات کر رکھے تھے بلکہ سیکیورٹی پر پولیس اہلکار بھی اپنے فرائض سرانجام دیتے رہے، ووٹر کے لیے الیکشن کمیشن کے دفتر میں قائم پولنگ اسٹیشن پر رجسٹرڈ ووٹر خاتون تو نہ پہنچ پائیں تاہم کشمیر ضلع باغ کے رہائشی ووٹر حماد رحمان ووٹ دینے پہنچے جہاں انہوں نے ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے اعلان کیا تاہم ووٹ رجسٹرڈ نہ ہونے کی بنا پر حماد رحمن کو الیکشن کمیشن عملہ نے واپس بھیج دیا۔ اس موقع پر نوجوان حماد الرحمن کا کہنا تھا کہ گزشتہ دس سال سے لاڑکانہ میں رہ رہا ہوں، نجی ہوٹل پر ملازم ہوں، نجی ہوٹل پر ڈیوٹی کے دوران الیکشن کمیشن کے عملہ نے رابطہ کر کے تفصیلی معلومات بھی لی تھیں پھر بھی ووٹ داخل نہیں کیا گیا، یہ میرا پہلا الیکشن ہے ووٹ دینا میرا حق ہے پیپلز پارٹی شہداء کا چاہنے والا ہوں۔ دوسری جانب پولنگ کا وقت ختم ہونے پر پریزائیڈنگ افسر نے پولنگ بوتھ و دیگر سامان پیک کروا کر عملے کو چھٹی دے دی، واضع رہے کہ پولنگ اسٹیشن میں الیکشن کمیشن کے عملے، پولنگ ایجنٹس، اسپیشل برانچ، مرد و خواتین پولیس اہکاروں سمیت 20 کے قریب افراد نے اپنے فرائض سرانجام دیے۔