ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) پی پی ایم پی اے سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے کہا ہے کہ ہمارا عوام سے دل کا رشتہ ہے جو کبھی نہیں ٹوٹ سکتا ہے، ہم اپنے والد الحاج سید اعجاز علی شاہ شیرازی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کے ہر دکھ سکھ میں ساتھ رہ کر ان کی بلا تفریق خدمت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جھمپیر شہر کے مری محلے میں مری برادری کے معزز حاجی مہر علی مری اور نوری آباد کے معزز رئیس عالم پالاری کی جانب سے دیے جانے والے عشائیہ اور عید ملن پارٹی کے دوران کیا۔ سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی پارٹی ہے جوکہ عوام کے مسائل کو حل کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد سے جلد ٹھٹھہ وایا جھمپیر روڈ نئے سرے تعمیر کراکر یہاں کے لوگوں کو پریشانی سے بچائیں، اس کے لیے کوشش جاری ہے۔ اس موقع پر حاجی مہر علی مری کی جانب سے پی پی ایم پی اے سید ریاض حسین شاہ شیرازی اور سید غلام حیدر شاہ شیرازی کو سندھ کی سوغات پٹکا باندھنے کے ساتھ سندھی اجرکوں اور سندھی ٹوپی کے تحائف پیش کیے گئے۔ اس موقع پر سید مدد علی شاہ، عالم پالاری، حاجی فیض محمد بروہی، محمد ہاشم سولنگی، مختارکار ٹھٹھہ اقتدار رسول بہرانی، روشن علی، علی محمد بروہی، لطیف مری، منظور مری، عالم بروہی، رجب مری اور دیگر موجود تھے۔