ایران جوہری ہتھیار بنانے کے زیادہ قریب پہنچ گیا‘ اسرائیل

153

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جوہری ہتھیاروں کے حصول کے لیے بہت زیادہ قریب ہے۔ اسرائیلی اخبار ٹائمز کے مطابق صہیونی حکام نے امریکی عہدے داروں کو متنبہ کیا ہے کہ تہران نے اپنی ایٹمی ٹیکنالوجی میں بہت ترقی حاصل کرلی ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپید، وزیر دفاع بینی گینٹس اور دیگر عہدے داروں نے حال ہی میں امریکی حکام کے سامنے ایران کے جوہری پروگرام کا معاملہ اٹھایا۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی طرف سے یہ ایک غیر معمولی انتباہ ہے۔ اسرائیلی ریڈیو’کے اے این‘کے مطابق ایران کے ساتھ مذاکرات میں بہت کچھ ہونا باقی ہے۔ایران جوہری صلاحیت رکھنے والے ممالک کی صف میں داخل ہونا چاہتا ہے اور دنیا کو اس کے عزائم پر شک نہیں کرنا چاہیے۔ موجودہ حالات میں ایرانی خطرے کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعظم نفتالی بینت آیندہ ماہ امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات کی تاریخ طے کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اسرائیل طویل عرصے سے ایران سے ایٹمی سمجھوتے اور بائیڈن کے معاہدے میں دوبارہ شامل ہونے کے ارادے کی مخالفت کرتا رہا ہے۔