آزاد کشمیر کے بعد سندھ میں بھی جلد حکومت بنائینگے ،شیخ رشید

487
راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

راولپنڈی(این این آئی +مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جارہے ہیں اورسندھ میں بھی جلد ہماری حکومت ہوگی۔ لال حویلی کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نیکہا کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جارہی ہے، سندھ میں بھی جلد حکومت بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنڈی شہر نے ثابت کیا کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہے، عمران خان نے پنڈی میں غریب رکشہ ڈرائیور کو ٹکٹ دیا، الیکشن میں پہلی بار تحریک انصاف پنڈی میں جیتی جب کہ کیش گروپ ہار گیا اور بلا جیت گیا، میں عمران خان، پی ٹی آئی اور رکشہ ڈرائیور کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ، اب شہر کو ترقی دیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ جو کہتے تھے کشمیری ہیں، کیا تمہارا ڈومیسائل کشمیرکا ہے، نواز شریف اور مریم نواز کا کشمیر سے کیا تعلق، ان کے خاندانی سرٹیفکیٹ پیش کر سکتے ہیں جب کہ عمران خان کشمیر کی آزادی کا کیس لڑے گا اور اس کا دنیا میں ڈنکا بجائے گا۔وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان پاکستان میں مشین کے الیکشن کی بات اسی لیے کرتا ہے تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان پاکستان میں دنیا کے سب سے بڑے کام کرنے جا رہے ہیں، وہ داسو اور بھاشا ڈیم ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ڈیم 5 نہیں 10 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کریں گے اور پاکستان کی تاریخ بدل جائے گی۔شیخ رشید نے کہاکہ میں اعلان کرتا ہوں کہ وزارت داخلہ سارے پاکستان میں منشیات کے خلاف جہاد کرے گی۔