آزاد کشمیر میں عمران خان کی جیت قبول نہیں ،مولانا فضل الرحمن

255

جنوبی وزیر ستان(صباح نیوز)جے یو آئی(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان جعلی اور ڈمی وزیراعظم ہیں، ہم آزاد کشمیر کے دھاندلی زدہ نتائج قبول نہیں کرتے ۔جنوبی وزیرستان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں، پاکستان اور کشمیریوں کے 70 سالہ مؤقف سے غداری کی ہے، ہم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ عمران خان نے کشمیر پر سودا بازی کی اور یہ بیان ہمارے مؤقف کا ثبوت ہے، اب دھاندلی کے ذریعے آزاد کشمیر میں نتائج حاصل کیے گئے ،ہم کشمیر الیکشن کے دھاندلی زدہ نتائج قبول نہیں کرتے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قبائل کا انضمام توکردیا گیا لیکن اب اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی کہ کرنا کیا ہے، قبائل میں نہ پرانا قانون ہے اور نہ نئے قانون کو سمجھا جارہا ہے، مردم شماری میںبھی قبائلیوں کے ساتھ دھاندلی کی گئی،گلگت بلتستان کی آبادی 15 لاکھ ہے اسے صوبہ بنانے کی باتیں کی جارہی ہے اور ڈیڑھ کروڑ والی آبادی قبائل کو صوبہ بنانے نہیں دیا جارہا ہمارا مطالبہ ہے کہ قبائل کو الگ صوبہ بنایا جائے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کی عوامی پذیرائی کا یہ عالم ہے کہ 50 ضمنی الیکشن ہوئے اور 48میں پی ٹی آئی کو شکست ہوئی، مہنگائی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ خریداری کی قوت نہیں رہی جبکہ 90دن کے اندر کرپشن کے خاتمے کی بات ہوئی، کرپشن ختم کرنا دور کی بات کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیے گئے،بجلی اور گیس مہنگی کردی گئی لیکن حکمران کہتے ہیں عوام ٹیکس نہیں دیتے، تمہارے جیسے آدمی کو عوام ٹیکس کیوں دے، عمران خان جعلی اور ڈمی وزیراعظم ہیں۔