نوابشاہ (سٹی رپورٹر) محکموں کی ملی بھگت، انتظامیہ کی غفلت، پیٹرول پمپ مالکان نے شہریوں کو 2 روپے کا اضافی ٹیکہ لگانا شروع کردیا۔ حکومت کی طرف سے گزشتہ دونوں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے اضافے کہ ساتھ ملک بھر میں قیمتوں میں رد بدل کے بعد 118 روپے پیٹرول کی مقرر کی گئی اوگرا کی جانب سے قیمتوں کے تعین کے باوجود نوابشاہ میں پیٹرول پمپ مالکان نے اپنے ریٹ مقرر کر دیے، ملک بھر میں پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی سرکاری قیمت 118.9 روپے جبکہ نوابشاہ میں 120.9 روپے وصول کیے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ نوابشاہ کے کسی بھی پیٹرول پمپ پر 1 لیٹر کی مطلوبہ مقدار نہیں دی جارہی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکموں کی ملی بھگت سے صارفین کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد طارق علی سولنگی کی جانب سے بااثر پیٹرول پمپ مالکان کیخلاف کارروائی کی گئی تھی، جس میں کچھ پیٹرول پمپس سیل اور متعدد پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے تھے۔ عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر شہید بے نظیر آباد سے پیمانوں میں کمی اور اوگرا کے مقرر کردہ سرکاری نرخوں پر پیٹرول نہ بیچنے والے پمپ مالکان کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔