اسلام آباد(صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنمااور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہاہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کو متنازع کرنے کی ذمے دار موجودہ حکومت ہے، حکومت نے الیکشن کا ماحول خراب کیا، کئی پرتشدد واقعات ہوچکے، حکومت نے اخلاقیات کو بری طرح پامال کیا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف نے کہا کہ کشمیر انتخابات میں وزرا نے کھلے عام ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، الیکشن کمیشن کی ہدایت کے باوجود وزیراعظم کے ساتھی وزرا نے دورے کیے، پولنگ کے روزپیپلزپارٹی کے امیدوار چودھری یاسین کے حلقہ میں ان پر قاتلانہ حملہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو پتہ ہے کہ یہ ان کا الیکشن نہیں ہے، آزاد کشمیر الیکشن کو متنازع کرنے کی ذمے دار موجودہ حکومت ہے، الیکشن کمیشن نے کہا کہ وزیریہاں نہیں آئیں گے لیکن وہاں وزیر دندناتے پھرتے رہے ۔