کراچی سے لاڑکانہ تک شہر کچرا کنڈی بن گئے،حلیم عادل

170

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ کراچی میں گندگی کے ڈھیر ہیں سندھ حکومت گمشدہ ہے۔ آلائشیں اٹھانے کے لیے انتظامیہ نظر نہیں آرہی ہے۔ کراچی سے لیکر لاڑکانہ تک شہر کچرا کنڈی بن چکے ہیں۔وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ، مرتضیٰ وہاب، ناصر شاہ کو دعوت دیتا ہوں میرے ساتھ کراچی کا دورہ کریں میں ان کو دکھاتا ہوں آلائشیں کہاں پڑی ہیں۔مرتضیٰ وہاب کراچی کے ایڈمنسٹریٹر بننے سے پہلے ہی ناکام ہوگئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو اپنی رہائش گاہ عادل ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کشمیر الیکشن میں حالات خراب کر سکتے ہیں، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ اندر میں ملے ہوئے ہیں، 25 جولائی 2021ء پاکستان کی عوام اور پی ٹی آئی کی فتح کا دن ثابت ہوگا، سرخی پائوڈر لگانے اور پیسوں کے بیگ بھر کے عوام کو خریدا نہیں جاتا ،جیت پی ٹی آئی کی یقینی ہے، گیلپ سروے میں بھی جیت پی ٹی آئی کی آچکی ہے۔