آزاد کشمیر میں ریفرنڈم آئین سے انحراف ہوگا‘ شہباز شریف

94

لاہور(نمائندہ جسارت)ن لیگی صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کرکے پاکستان کے تاریخی اور آئینی موقف سے انحراف کر رہے ہیں،تنازع جموں وکشمیر پر پاکستان کے تاریخی موقف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہٹ کر کوئی بھی موقف ہم اور پوری قوم مسترد کرتی ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ٹوئٹ بیان میں کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تنازع جموں وکشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں شفاف آزادانہ استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق سے ہوگا، پاکستان اور کشمیر کے عوام کا یہی موقف ہے اور کشمیریوں کی مرضی اور مشاورت کے بغیر کوئی حل ان پر ٹھونسنا بھارت کی مدد کرنا اور کشمیر کاز سے غداری کے مترادف ہے۔عمران نیازی کے بیان سے وہ خدشات ثابت ہورہے ہیں جو 5 اگست 2019 ء کے بھارتی اقدامات سے قوم کے سامنے پہلے ہی آچکے ہیں ۔شہباز شریف کامزید کہنا تھا کہ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کی جانب سے مریم نواز شریف کے خلاف قابل شرم زبان کے استعمال سے انتہائی تکلیف پہنچی ہے، علی امین گنڈاپور کے الفاظ نہ صرف متشددانہ ہیں بلکہ عورت سے نفرت کا اظہار بھی ہیں۔ نازیبازبان استعمال کرنے والوں کو 220ملین افراد پر حکمرانی کی ذمے داری سونپ دی گئی ہے۔