سکھر پبلک الائنس کے رہنما کا مختلف علاقوں کا دورہ،شکایتوں کے انبار

101

سکھر( نمائندہ جسارت) سکھر پبلک الائنس کے سینئر وائس چیئرمین سماجی رہنما غیاث الدین قادری نے پاک کالونی کے رہائشیوں کی دعوت پر پاک کالونی کے مختلف مقامات کا دورہ کیا جہاں علاقہ مکینوں نے سکھر میونسپل کارپوریشن، سیپکو، محکمہ سوئی سدرن گیس کے خلاف شکایات کے انبار لگادیے۔ اس موقع پر محمد صابر شیخ، محمد طارق، محمد علی شیخ، محمد عادل، محمد زبیر، محمد راشد ودیگر علاقہ مکین بھی موجود تھے۔ اہل علاقہ نے شکایت کی کہ پاک کالونی کی جامع قریش مسجد کے سامنے سے بھی کچرا نہیں اٹھایا جاتا جس کی وجہ سے نمازیوں کو انتہائی کوفت دقت اور اذیت کا سامنا ہے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عذاب بنی ہوئی ہے شدید گرمی میں لوگ مشکل کا سامنا کررہے ہیں گیس کی لوڈشیڈنگ گرمی کے موسم میں بھی کی جارہی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس پی اے کے رہنما اور سماجی شخصیت غیاث الدین قادری نے کہا کہ ہماری جدوجہد کا مقصد شہر کے بنیادی عوامی اور شہری مسائل کو اجاگر کرکے انہیں حل کرانے کی ہر ممکن کوشش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی ذمے داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندے ہر الیکشن کے بعد کراچی اور اسلام آباد کا رخ کرلیتے ہیں اور اپنے اپنے حلقہ انتخاب کی کوئی خیر خبر نہیں لیتے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات ارکان قومی اسمبلی سید خورشید شا، نعمان اسلام شیخ، ارکان صوبائی اسمبلی سید فرخ شاہ، سید ناصر حسین شاہ، کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر سکھر سے پرزور مطالبہ کیا کہ سکھر شہر کے بنیادی مسائل فوری حل کیے جائیں۔