دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام میں اسد ی فوج اور ایران نواز جنگجوؤں کے حملے میں 7شہری شہید ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ادلب کے گاؤں عبلین پر کیے گئے حملے میں 3شہری زخمی بھی ہوگئے۔ اسدی فوج اور ایران نواز جنگجوؤں نے عبلین پر اندھادھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں خاتون اور 3بچوں سمیت 7شہری جاں بحق ہوگئے۔ ادھر اسدی اور روسی فوج کے جنگی طیاروں نے ادلب کے جنوبی دیہات بارا، احیمیم اور میرایان پر بم باری کی۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے شام کے وسطی صوے حمص میں ایک اورفضائی حملہ کیا۔ اسدی فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قصیر کے علاقے میں کیے گئے فضائی حملہ کو ناکام بنا دیا گیا اور اس سے کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔ اسرائیلی فوج نے اس حملے کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ اس سے قبل پیر کے روز اسدی فوج نے حلب پراسرائیل کے فضائی حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ واضح رہے کہ حمص کی سرحد لبنان کے ساتھ ملتی ہے اوردونوں ممالک کے درمیان سرحدی علاقے میں ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ نے اپنے ٹھکانے بنا رکھے ہیں۔