کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی جانب سے ایک ایرانی ماہی گیر کشتی اس کے مالک کو واپس کردی گئی۔ ہیڈکوارٹر پی ایم ایس اے میں ماہی گیر کشتی ’’الرحیمی‘‘کی حوالگی کی سادہ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جسے پی ایم ایس اے نے پاکستانی سمندری حدود میں پکڑ لیا تھا۔ ایران کے قونصل جنرل عزت ماآب حسن نوریان کے ساتھ عملے کے دو ارکان اور کشتی کا مالک کشتی وصول کرنے ہیڈ کوارٹر پی ایم ایس اے پہنچے۔ عزت مآب حسن نوریان نے ڈی جی پی ایم ایس اے سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پی ایم ایس اے کی کاوشوں کو سراہا، اطمینان کا اظہار کیا اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ ’’الرحیمی‘‘کو پی ایم ایس اے جیٹی پر مالک کے حوالے کردیا گیا۔ پی ایم ایس اے کے اس اقدام سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے۔