لاہور (نمائندہ جسارت) ن لیگ ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کشمیری عوام ڈسکہ کی دھند بننے دیں گے نہ ووٹ یا الیکشن عملہ اغوا کرنے دیں گے، آزاد کشمیر کا ہر شہری ووٹ کی حفاظت کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر الیکشن پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ووٹ چوری کی کوشش ناکام بنانے کے لیے بھرپور نگرانی ہوگی، انتخابات کے دن نگرانی کے لیے مبصر ٹیمیں بنادی ہیں۔ ن لیگ نے الیکشن ڈے مانیٹرنگ کی حکمت عملی تیار کرلی ہے، پارٹی رہنما ئوں اور کارکنان کو الیکشن ڈے مانیٹرنگ کی ذمے داریاں دے دی گئی ہیں اور ایک مرکزی اسپیشل مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے۔ اسپیشل مانیٹرنگ سیل الیکشن ڈے پر24 گھنٹے مانیٹرنگ کرے گا، رہنما اور کارکنان اپنے علاقوں کی صورتحال سے مانیٹرنگ سیل کو آگاہ رکھیں گے، مانیٹرنگ ٹیموں کے علاوہ قانونی امدادکے لیے لیگل ٹیمز بھی بنا دی گئی ہیں۔ مریم اورنگزیب نے خبردار کیا کہ عمران خان اور ان کے کارندے ووٹ چوری کے ہتھکنڈوں سے باز رہیں تو بہتر ہوگا۔