لاڑکانہ، پولیس کی جانب سے عیدالاضحی سیکورٹی پلان مرتب

82

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی نے عید بازاروں، شاپنگ سینٹرز، عیدگاہوں، مویشی منڈیوں اور نماز عید کے کھلے اجتماعات کی مربوط سیکورٹی، پولیس پکٹنگ اور پولیس پیٹرولنگ کے لیے عیدالاضحی سیکورٹی پلان مرتب دے دیا ہے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی عمران قریشی نے بتایا کہ سیکورٹی پلان کے مطابق ضلع کے تمام پولیس افسر و جوان سیکورٹی ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ لاڑکانہ میں عیدالاضحی کی مناسبت سے شہر کے مختلف ایریاز میں مویشی منڈیوں پر عیدالاضحی سے قبل ہی پولیس کے افسران و جوان سیکورٹی فرائض کی ادائیگی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ حالات کے پیش نظر قربانی کے جانوروں کی منڈی جانے اور آنے والے تمام مرکزی راستوں، ذیلی راستوں سمیت اطراف کے علاقوں میں تھانوں کے لحاظ سے باقاعدگی سے گشت کیا جائے گا۔ مویشی منڈیوں اور راستوں میں خریداروں اور بیوپاریوں کے تحفظ کے لیے عارضی پولیس پکٹس قائم کی جائیں گی۔ ٹریفک پولیس گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے اقدامات اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائیں گے۔ تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور متعلقہ افسران باقاعدگی سے انتظامات کی سپرویزن اور سرویلنس کریں گے۔ پولیس پیٹرولنگ اور نفری کی تعیناتی کو یقینی بنائیں گے۔ عیدالاضحی نماز کی ادائیگی کے دوران تمام مساجد، عیدگاہوں پر مؤثر سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ کسی بھی قسم کی لاپروائی یا غفلت برتنے پر ذمے داروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔