ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری نے اچانک سول اسپتال کا تفصیلی دورہ کرکے مختلف شعبہ جات کی صورتحال کا جائزہ اور معلومات لی، ڈاکٹرز اور عملہ کی حاضری بھی چیک کی اور اسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کرکے ان سے علاج و معالجہ کے متعلق معلومات حاصل کی۔ ڈپٹی کمشنر نے سول اسپتال میں صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات نہ ہونے پرسخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے موقع پر ہی سینیٹری انچارج کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر سول سرجن اور مرف انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کہ سول اسپتال میں صفائی ستھرائی کے عمل کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے اور سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے سمیت تمام ڈاکٹرز و عملہ خود بھی ماسک کا استعمال کرے اور اسپتال میں موجود تمام مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والے اٹینڈنٹس کو بھی ماسک کے استعال کا لازم پابند بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں دور دراز سے آنے والے غریب مریضوں کو بہتر علاج و معالجہ، ادویات، ایمبولینس کی فراہمی سمیت دیگر مطلوبہ سہولیات ہر ممکن فراہم کی جائیں اور تمام مشینری کو ہر وقت تیار حالت میں رکھا جائے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی تکلیف اور پریشانی کا سامنا پیش نہ آئے۔ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت اور کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر انہیں عوام کی جانب سے کسی بھی قسم کی کوئی بھی شکایت موصول ہوئی تو ملوث ڈاکٹرز اور عملہ کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔