جیکب آباد (نمائندہ جسارت) شاگرد اتحاد گڑھی خیرو کی جانب سے شہید بینظیر بھٹو لائبریری کا کام مکمل نہ ہونے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، بیگاری پل پر دھرنا۔ جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو میں شاگرد اتحاد کی جانب سے شہید بینظیر بھٹو لائبریری کا کام گزشتہ 6 سال سے مکمل نہ ہونے اور لائبریری فعال نہ کیے جانے کیخلاف پنج گلی چوک سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے بیگاری کینال پل پر پہنچے جہاں پر مظاہرین نے دھرنا دیا۔ اس موقع پر رہنماؤں عرض محمد لہر، حنیف رئیسانی، سلیم کھنڈ اور مرکزی رہنما سندھی شاگرد تحریک نوید عباس کلہوڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گڑھی خیرو کے عوام جدید دور میں بھی تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، 6 سال قبل سندھ حکومت کی جانب سے پرزور عوامی مطالبے پر گڑھی خیرو میں شہید بینظیر بھٹو لائبریری قائم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن 6 سال گزر جانے کے باوجود ٹھیکیدار لائبریری کا کام ادھورا چھوڑ کر غائب ہوگیا ہے۔ لائبریری کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے طلبہ اور کمیشن کے امتحانات کی تیاری کرنے والے نوجوانوں کو مطالعے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذرائع کے مطابق فرضی ریکارڈ میں لائبریری فعال ہے اور مقرر ملازمین گھر بیٹھے تنخواہ بٹورنے میں مصروف ہیں مگر حقیقت اس کے مکمل برعکس ہے۔ انہوں نے وزیر محکمہ ثقافت و آثار قدیمہ سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے معاملے کا نوٹس لیکر شہید بینظیر بھٹو لائبریری گڑھی خیرو کو فوری طور پر فعال کرکے طلبہ کو علمی سرگرمیوں کے لیے مناسب سہولیات فراہم کی جائیں بصورت دیگر لائبریری فعال نہ ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔