کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی ہے۔ عید کی مناسبت سے پیغام میں پی پی چیئرمین نے کہا کہ عیدالاضحی اللہ کی رضا کے سامنے غیر مشروط طور سر بسجود ہونے اور اس پر کامل یقین رکھنے کی یاد دلاتی ہے اور اپنی ذات کو بالائے طاق رکھ کر ایک عظیم مقصد کی خاطر قربانی دینے کا درس ہے ۔ بلاول زرداری نے عوام پر زور دیا کہ وہ عید کی مسرتوں کے دوران غربت و عدم مساوات کی وجہ سے زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم افراد کو نہ بھولیں اور انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی روک تھام کے لیے ہر شہری ایس او پیز پر عمل کرے اور ویکسی نیشن کے لیے ہر پاکستانی کو آگے آنا چاہیے ۔