اسلام آباد (آئی این پی) افغانستان میں تعینات پاکستان کے سفیر منصور احمد خان اسلام آباد پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق کابل میں پاکستانی سفیر منصور احمد خان پی آئی اے کی پرواز 250کے ذریعے اسلام آباد پہنچے۔ خیال رہے کہ پاکستان کے سفیر کو ایک روز قبل ہی افغان وزارت خارجہ نے طلب کرکے اسلام آباد میں اپنے سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کے معاملے پر احتجاجی مراسلہ دیا تھا۔ گزشتہ روز افغان حکومت نے پاکستان میں تعینات اپنے سفیر نجیب اللہ علی خیل سمیت سینئر سفارتی عملے کو واپس بلالیا تھا۔ افغان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ سفارت کاروں کے سیکورٹی تحفظات دور ہونے تک عملے کوواپس بلایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کابل میں پاکستانی سفیر کو افغان سفیر کی بیٹی کے واقعے پر مشاورت کے لیے طلب کیا گیا ہے۔