کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن ٹی 20 میچ آج مانچیسٹر میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ نوٹنگھم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی 20 میچ میں گرین شرٹس نے شاندار کارکردگی کی بدولت 31 رنز سے کامیابی حاصل کی تاہم دوسرے میچ میں انگلینڈ نے عمدہ کم بیک کیا اور 45 رنز سے فتح سمیٹ کر سیریز برابر کر دی۔ پاکستان ٹیم اسٹار بلے باز بابراعظم کی زیر قیادت میں گزشتہ روز مانچسٹر پہنچ گئی ۔ قومی ٹیم کے کھلاڑی اولڈ ٹریفورڈ، مانچیسٹر میں سیریز جیتنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ میزبان ٹیم کی کمان آئن مورگن سنبھالیں گے۔ اس سے قبل میزبان ٹیم نے گرین شرٹس کو 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں کلین سویپ کیا تھا۔فیصلہ کن میچ میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میں کانٹے دار مقابلہ ہوگا۔