جدہ: حج ضوابط کی خلاف ورزی پر147 افراد گرفتار

322

جدہ: حج ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے147 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ اس سال حج کرنے والے تمام عازمین حج کو حفظان صحت کے ضوابط کے مطابق مخصوص بسوں سے منیٰ پہنچایا گیا ہے۔

سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ اس سال حج کرنے والے تمام عازمین حج کو حفظان صحت کے ضوابط کے مطابق مخصوص بسوں سے منیٰ پہنچایا گیاتھا اور  میدان عرفات بھی اسی نظام کے مطابق منتقل کیا جا رہا ہے۔

سعودی وزارت داخلہ  کے مطابق اس سال 60 ہزار افراد حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں جبکہ حج مقامات پر دراندازی کو روکنے کے لیے اس سال سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور منی، عرفات اور مزدلفہ کے اطراف سیکیورٹی حصار مزید سخت کر دیا گیاہے۔

ترجمان سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ایامِ حج میں 17 تا 22 جولائی مسجدالحرام اور اطراف جانے پر پابندی رہے گی جبکہ منی، مزدلفہ اور عرفات میں بھی بغیر اجازت داخلے پر پابندی ہے۔

ترجمان کا کہناہےکہ اب تک حج ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے147 افراد پکڑے گئے ہیں، جنہیں جرمانے اور سزائیں دی جائیں گی جبکہ انہوں نے سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں سے اپیل کی کہ وہ حج کو منظم کرنے والے ضوابط کی پابندی کریں۔

پریس بریفنگ میں اطمینان دلایا گیا کہ حجاج کے قافلوں کے انتظامات مقررہ پروگرام کے مطابق کیے جا رہے ہیں اور  کورونا ویکسین لینے والوں کے سوا کسی کو بھی حج مقامات میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔