تہران (آئی این پی) نائب ایرانی وزیر خارجہ اور ایرانی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ نے کہا ہے کہ ویانا کے مذاکرات کیلیے ایران میں نئی حکومت کا انتظار کرنا چاہیے۔ یہ بات سید عباس عراقچی نے گزشتہ روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ ویانا مذاکرات کو ایران میں نئی حکومت کا انتظار کرنا ہوگا جو اگست میں اقتدار سنبھال لے گی اور یہ کسی بھی جمہوریت کا تقاضا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ ریاست ہائے متحدہ اور برطانیہ کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ایک انسانی تبادلے (قیدیوں کے تبادلے) اور جوہری معاہدے کے درمیان فرق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی مقاصد کے بہانے کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا روکنا تبادلے اور معاہدے کے نقصان کا سبب بنے گا۔ جوہری مذاکرات میں ایرانی وفد کے سربراہ نے مزید کہا کہ اگر امریکا اور برطانیہ معاہدے کے تحت اپنی ذمے داریوں کو نبھائیں تو ہر طرف سے 10 قیدیوں کو کل رہا کیا جاسکتا ہے۔