سکھر میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نکاسی آب کا نظام تباہ

127

سکھر (نمائندہ جسارت) قریشی گوٹھ سمیت سکھر کے دیگر علاقوں میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، بجلی ، گیس کی لوڈشیڈنگ، مفلوج نکاسی نظام، روڈ راستوں کی خستہ حالی سمیت دیگربنیادی مسائل حل نہ ہونے کے اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کیخلاف سکھر ڈیولپمنٹ الائنس کی جانب سے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں قریشی گوٹھ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس میں ایس ڈی اے رہنمائوں علامہ نور احمد قاسمی، غلام مصطفی پھلپوٹو، آغا طاہر مغل، کامریڈ امام الدین، نعیم بلوچ، ڈاڈو ابڑو، آغا محمد اکرم درانی، حسیب جونیجو، محمد خالد، محمد فیضان سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جو پینے کا پانی دو، صفائی ستھرائی کا نظام بہتر بنائو، شہریوں کے بنیادی مسائل فوری حل کرو، امن و امان بحال کرو کے بلند شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ سکھر ڈیولپمنٹ الائنس نے ہمیشہ شہر کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے بھرپور انداز سے جدوجہد کی ہے۔ آج قریشی گوٹھ میں احتجاجی ریلی نکالنے کا مقصد منتخب نمائندوں اور انتظامیہ کو جگانا ہے کہ سکھر شہر کے اندر نہیں بلکہ گردونواح میں بھی بنیادی سہولیات ناپید ہیں۔ قریشی گوٹھ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال ہے، مفلوج نکاسی آب کے نظام کے باعث گٹر اور نالیوں کا گندا پانی شاہراہوں کی زینت بنا ہوا ہے۔ بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہری عذاب میں مبتلا ہیں، شہر میں بڑھتی ہوئی بے امنی کے باعث تاجروں اور شہریوں میں شدید بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے، کوئی دن ایسا نہیں جس دن شہر میں کوئی ڈکیتی، چوری، لوٹ مار کی واردات نہ ہوئی، انتظامیہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔ اس کے باوجود شہر کے منتخب نمائندے اور انتظامیہ خواب خرگوش سے بیدار ہونے کو تیار نہیں، ان کا کہنا تھا کہ جب تک شہر کے بڑھتے ہوئے بنیادی مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھاکر مسائل حل نہیں کیے جاتے ہماری احتجاجی تحریک اسی طرح جاری رہے گی اور شہر کے دیگر علاقوں میں بھی احتجاج، ریلیاں، بھوک ہڑتال اور مظاہرے کیے جائینگے تاکہ منتخب نمائندوں اور انتظامیہ کو جھنجھوڑ کر شہر کے بنیادی مسائل حل کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔