کشمیریوں کے حقوق کیلئے ہماری جان بھی حاضر ہے،آصفہ زرداری

160

مظفرآباد / کوہالہ / اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کشمیر کے عوام اور کشمیر میں جمہوریت کے لیے بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ کشمیر کے حقوق کے لیے ہماری جان بھی حاضر ہے۔یہ بات آصفہ زرداری نے مظفرآباد کے مقام پٹہکہ جاتے ہوئے کوہالہ کے پل پر اپنے استقبال کیلیے آنے والے بہت بڑے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عوام نے ان کی گاڑی پر پھول کی پتیاں نچھاور کیں، لوگ ڈھول کی تھاپ پر اور پارٹی ترانوں پر جئے بھٹو کے نعرے لگا رہے تھے اور والہانہ رقص کر رہے تھے۔ کوہالہ کے مقام پر اپنے مختصر خطاب میں آصفہ زرداری نے کہا کہ کشمیر جنت نظیر ہے اور کشمیر بینظیر ہے۔ ہمارا کشمیری عوام سے تین نسلوں کا رشتہ ہے۔ ہم نے کشمیر کی محبت وراثت میں پائی ہے۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کشمیر کی خوشحالی کے لیے کام کیا ہے۔ پیپلزپارٹی ماضی میں کشمیر کے ساتھ تھی آج بھی کشمیر کے ساتھ ہے اور مستقبل میں کشمیر کے ساتھ رہے گی۔ انہوں نے وہاں موجود پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ گھر گھر جائیں اور لوگوں کو بتائیں کہ ہم عوام کے حقوق کیلیے اپنی جانیں قربان کرنے کے لیے تیار ہیں اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ 25جولائی کو ہر مرد، خاتون اور بزرگ گھر سے باہر نکلے اور پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دے۔ انہوں نے کہا کہ تیر آپ کا نشان ہے، خوشحالی کا نشان ہے، کشمیر کا نشان ہے اور بینظیر کا نشان ہے۔ انہوں نے پارٹی ، عوام، بھٹوز اور کشمیر کے حق میں نعرے بھی لگوائے۔ جب آصفہ زرداری پٹیکا جاتے ہوئے امبور کیمپ پہنچیں تو ان کا نہایت والہانہ استقبال کیا گیا۔