لاہور (نمائندہ جسارت) اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن کی تمام باتوں کو سچ ثابت کر دیا ہے۔ ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ آٹے، گھی اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے 85 روپے کلو چینی کرکے اپوزیشن کی تمام باتوں کو سچ
ثابت کر دیا۔ اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا بم گرایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر قیمتوں میں اضافہ ثبوت ہے کہ حکومت کو غریب نظر آرہے ہیں نہ ہی غربت نظر آرہی ہے۔شہباز شریف نے یہ بھی کہاکہ170 روپے سے گھی260 روپے،20 کلو آٹا820 سے 950 روپے ہوگیا، قیمتوں میں اضافہ موجودہ حکومت کی ناکامیوں کی تفصیل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی ظلم ہے جس کا راستہ ہم پوری قوت سے روکیں گے، مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوام کی آواز بنیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ عوام سے جینے کا حق چھیننے والی حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔