اسلام آباد: شہریوں نے زمین سے نکلا تیل بیچنا شروع کردیا

99

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) زمین سے تیل نکلنے کے بعد اسلام آباد انتظامیہ متحرک ہو گئی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق گھروں میں قائم ایسے تمام عارضی پمپ سیل کرکے تیل کے نمونے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کو بھیج دیے گئے ہیں۔ سیکٹر ایچ 13 میں تھانہ شمس کالونی کی حدود میں چند شہریوں کی جانب سے پانی کے لیے بورنگ کے دوران 450 فٹ کی گہرائی پر تیل نکلا تو مقامی افراد نے 12 سے 14 مقامات پر بورنگ کی۔ ان افران نے تیل نکال کر ڈرموں میں بھر رکھا تھا اور اسے فروخت کررہے تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر پوٹھوہار عبداللہ خان کی سربراہی میں انتظامیہ کی ٹیم نے جمعرات کے روز کارروائی کرکے تمام ایسے کنویں سیل کردیے اور 2500 لیٹرز کی کئی ٹینکیاں ضبط کر لیں۔ نکلنے والے تیل کی بو مٹی کے تیل یا ڈیزل سے ملتی جلتی ہے، تاہم وزارت پٹرولیم اور اوگرا کو نمونے بھیج دیے گئے ہیں۔ اے سی پوٹھوہار کے مطابق لوگوں نے یہاں موٹریں لگا کر باقاعدہ اپنے گھروں کو پٹرول پمپ کا درجہ دے رکھا تھا اور بجلی کے غیر قانونی کنکشنز بھی لگا رکھے تھے جنہیں گزشتہ روز کاٹ دیا گیا۔ موقع سے 2 افراد کو حراست میں لے کر دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی ہے۔