ایران میں پانی کی قلت ، پریشان عوام سڑکوں پر آگئے

88
ایران: قلتِ آب سے تنگ شہری حکومت کے خلاف احتجاج کررہے ہیں

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران میں تیل سے مالا مال جنوب مغربی علاقوں میں پانی کی سنگین کمی کے باعث شدید مظاہرے شروع ہو گئے۔ ایران کو اس وقت شدید ترین خشک سالی کا سامنا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اس بنا پر ایران میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اچانک شدید مظاہرے شروع ہو گئے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کچھ مقامات پر پانی غائب ہی ہو گیا۔ سوشل میڈیا پر نشر کردہ وڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل مظاہرین سڑکوں پر ٹائر جلائے اور شاہراہیں بند کر دیں۔ احتجاج شدت آنے پر سیکورٹی فورسز نے کچھ مقامات پر مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش بھی کی۔ اس دوران کچھ لوگوں نے فائرنگ کی آوازیں بھی سنیں۔ ایک علاقائی نیوز ویب سائٹ پر نشر کردہ رپورٹ میں ایک مقامی شخص یہ کہتا دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ خبریں سرکاری ٹیلی وژن کو نشر کرنا چاہییں۔ ساتھ ہی انہوں نے مردہ بھینسوں کی تصاویر دکھائیں اور کہا کہ یہ جانور پانی نہ ملنے کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ رواں برس مئی میں توانائی کے وزیر نے خبردار کیا تھا کہ اس موسم گرما میں پانی کی قلت ہو جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کو 50 برس بعد پہلی بار شدید خشک سالی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی ایران میں پانی کی قلت کی وجہ سے ملک کے کئی علاقوں میں بجلی کی ترسیل بھی متاثر ہوئی تھی۔ شدید گرم موسم میں پانی اور بجلی سے محروم افراد نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا تھا۔