کورونا ویکسین کی دوسری خوراک نہ لینے والے عازمین کے حج اجازت نامے منسوخ کر دیے جائیں گے۔
یہ اعلان سعودی نائب وزیر حج ڈاکٹر عبدالفتاط مشاط کی جانب سے کیا گیا ہے جنہوں نے ہدایت کی ہے کہ تمام عازمین حج سے قبل ویکسین کی دوسری خوراک لازمی لے لیں۔
منیٰ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن عازمین نے 48 گھنٹوں کے اندر ویکسین کی دوسری خوراک نہیں لی تو ان کے حج اجازت نامے منسوخ کر دیے جائیں گے۔
نائب وزیر نے کہا کہ میں عازمین حج سے اپیل کرتا ہوں کہ جلد از جلد کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لگوا لیں۔
سعودی عرب میں ہر عمر کے افراد کے لیے کورونا ویکسین کی دوسری خوراک کی فراہمی کا عمل شروع ہوگیا۔
دوسری خوراک ہر عمر کے افراد کے لیے ہے۔ وہ افراد جو پہلی خوراک لے چکے ہیں انہیں دوسری خوراک بھی مفت لگائی جا رہی ہے۔
شہری صحتی ایپ کے ذریعے تاریخ لے کر مقررہ وقت اور مرکز سے دوسری ویکسین لگوا سکتے ہیں۔
شہریوں کو عمر کے حساب سے مرحلہ وار دوسری خوراک فراہم کی جارہی ہے۔ ابتدائی طور پر 50 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو دوسری خوراک دی جارہی تھی۔