یوسف رضا گیلانی نااہلی کیس ، نئی تاریخ دینے کی استدعا

255

اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان میں یوسف رضا گیلانی نااہلی کیس میں وکلا نے نئی تاریخ دینے کی استدعا کر دی ، عدالت نے سماعت 20ستمبر تک ملتوی کردی۔ دورانِ سماعت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نمائندے الطاف ابراہیم قریشی نے کہاکہ یہ دونوں ارکان مان چکے ہیں کہ وڈیو میں ہم ہیں۔ملیکہ بخاری نے کہا کہ علی حیدر گیلانی بھی مان چکے ہیں کہ وڈیو میں وہ ہیں۔بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ درخواست گزار کہتے ہیں کہ الیکشن کے نتائج کے 60 دن کے بعد الیکشن کالعدم نہیں ہو سکتا۔الطاف ابراہیم قریشی نے سوال کیا کہ اس کیس پر کوئی الیکشن ٹریبونل بنا ہے؟۔وکیل حسن مان نے جواب دیا کہ شکست کھانے والے امیداور نے الیکشن ٹریبونل میں کوئی درخواست دائر نہیں کی۔ الطاف ابراہیم قریشی نے استفسار کیا کہ کیا آپ کے پاس کوئی اضافی شواہد ہیں؟۔بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ آپ ہمیں ایک دن کی مہلت دیں، ہم اضافی شواہد دے دیتے ہیں۔ وکیل حسن مان نے کہا کہ درخواست گزاروں کو بہت بار مہلت دی گئی۔ملیکہ بخاری نے کہا کہ ہم نے وڈیو کے ساتھ بہت شواہد جمع کرائے۔یوسف رضا گیلانی کے وکیل نے استدعا کی کہ ہماری مصروفیات ہیں، آپ ستمبر کی نئی تاریخ دے دیں۔الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کا الیکشن کالعدم قرار دینے کی سماعت 20 ستمبر تک ملتوی کر دی۔