اسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد پھر سے بڑھ رہی ہے، اسد عمر

331

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ  اسد عمر کا کہنا ہےکہ اسپتالوں اور آئی سی یو میں کورونا مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ملک میں یک دم کورونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قوم سے بڑی اپیل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  این سی او سی سربراہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہاہےکہ کورونا وائرس کی بھارتی قسم خطے میں تباہی کا باعث بن رہی ہے، کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہاہےکہ کورونا کیسز میں حالیہ اضافے اور تیزی سے ہوتی اموات پر شدید تشویش ہے اور قوم سے اپیل کی کہ کورونا ایس او پیز پر عمل کریں اور ویکسی نیشن کرائیں، اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرات میں نہ ڈالیں۔

دوسری جانب سندھ میں کورونا پھر سر اٹھانے لگا جس کے بعد پابندیاں اور بندشیں بھی دوبارہ لگادی گئیں، صوبے میں ریسٹورنٹس کے اندر کھانا بند، پبلک ٹرانسپورٹ پچاس فیصد مسافروں کے ساتھ چلے گی، سنیما ہالز بھی کھلنے سے پہلے ہی بند کردیئے گئے۔

خیال رہے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق عالمی وبا کے باعث گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے سینتالیس مریض انتقال کرگئے،جس کے بعد عالمی وبا سے انتقال کرجانے والے مریضوں کی تعداد 22ہزار689ہوگئیں ہیں۔