اسلام آباد میں بچوں سے جبری مشقت کا سلسلہ جاری

69

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں انتظامیہ کی طرف سے اعتراف کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں بچوں سے جبری مشقت کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے کمیٹی نے اعداد و شمار مانگ لیے ہیں۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں 2 روز قبل 12جولائی کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے شاہراہ دستور پر مسلح شخص کے آنے سے متعلق واقعہ کا جائزہ لیا گیا۔ اراکین کمیٹی نے واقعہ کو سیکورٹی رسک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کا تعین ضروری ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔ قائمہ کمیٹی نے وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے چائلڈ لیبر سے متعلق بریفنگ کے دوران کمیٹی کو بتایا گیا کہ آئندہ ماہ اسلام آباد میں ایک سروے کیا جائے گا جس سے وزارت کو چائلڈ لیبر سے متعلق اعداد و شمار تک رسائی حاصل ہوگی جس سے موثر طریقے سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ چائلڈ لیبر کی وجہ مسائل ہیں۔ ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں کی مزدوری سے متعلق قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ اس سے مقامی سطح پرچائلڈ لیبر کے خاتمے میں مدد ملے سکے۔