سرمایہ کار ٹیکس فری خطے سے فائدہ اٹھائیں‘ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

327

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان محمد خالد خورشید سے ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کے چیئرمین قربان علی نے گزشتہ روز گلگت بلتستان ہائوس اسلام آباد میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں کے مابین صنعت و تجارت کی ترقی، سرمایہ کاری، بزنس کمیونٹی اور حکومت کے مابین روابط بڑھانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ، بیروزگاری کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں گلگت بلتستان حکومت اور ایف پی سی سی آئی کا جلد عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیرا علیٰ گلگت بلتستان محمد خورشید خالد نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی حسن و قدرتی ذخائر سے مالا مال خطہ اورعظیم الشان منصوبے سی پیک کا گیٹ وے ہے۔سیاحت، ہوٹلنگ، مائنز اینڈ منرل، جیمز اسٹون، ہائیڈرو پاور، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ گلگت بلتستان ٹیکس فری خطہ ہے جہاں کروڑوں اربوں کا بھی کاروبار کریں تو ایک روپیہ بھی ٹیکس نہیں ہے۔ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ وزیرا علیٰ گلگت بلتستان محمد خالد خورشید نے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تمام ٹیم کو گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ آئیں اور دیکھیں کہ کس شعبے میں زیادہ توجہ کی ضرورت ہے اور سرمایہ کاری کے فروغ اور بیروزگاری کے خاتمہ سمیت گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے گلگت بلتستان کی حکومت کیساتھ مل کر کام کریں۔