حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر حیدرآباد کیپٹن (ر) الطاف حسین ساریونے بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے اشتراک سے شہر و لطیف آباد کو صاف ستھرا کرنے کی غرض سے شروع کی جانے والی صفائی مہم کے دوران شعبہ ہیلتھ سروسز کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حیدرآباد سندھ کا دوسرا بڑا شہر ہے اور بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد اسکی خوبصورتی اور رونقوں کو بحال کرنے اور شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتی رہے گی اور اسی نیت و جذبے اور عزم و ولولے کے ساتھ ہم نے اس صفائی مہم کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے ادارے کے محنتی اور جفا کش ملازمین پر مکمل یقین ہے کہ وہ جس طرح انہوں نے اس مہم کو کامیاب بنایا ہے اسی طرح حیدرآباد شہر کو کلین اینڈ گرین بنانے کیلیے شعبہ ہیلتھ سروسز کا عملہ اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتا رہے گا،صفائی مہم میں ہمارے لیے سب سے بڑا ٹارگٹ شہر و لطیف آباد کے وہ علاقے رہے جہاں عرصہ دراز سے گاربیج لفٹنگ نہ ہونے کی بنا پر وہاں کوڑا کرکٹ اور گندگی و غلاظت کے پہاڑ بن گئے تھے اور علاقے میں تعفن اور بیماریوں کا باعث بن رہے تھے۔ انہوں نے شعبہ ہیلتھ سروسز کے افسران وملازمین کو تاکید کی کہ وہ برسات کے دوران فلیڈ میں مکمل طور پر متحرک رہیں اور اپنے اپنے علاقوں میں سیوریج و دیگر صفائی ستھرائی کے مسائل کو فوری حل کرنے کی کوشش کریں۔ واضح رہے کہ بلدیہ اعلیٰ کی جانب سے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے اشتراک سے شروع کی جانے والی صفائی مہم کے دوران شعبہ ہیلتھ سروسز اور سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے ہفتہ صفائی مہم کو کامیاب بنانے کیلیے ڈمپرز لوڈرز،ٹریکٹر ٹرالیوں، باب کیٹ، کچرہ اٹھانے والی گاڑیوں و دیگرمشینریز کی مدد سے سٹی کے علاقے خورشید ٹاؤن،کولہی پاڑہ، چشتیہ کالونی نورانی بستی،ایکسپو سینٹر، کھیا آباد،پکا قلعہ،ستار شاہ پمپنگ اسٹیشن تا سخی پیر چاڑی، شام داس پارک روڈ،بوہری کمپاؤنڈحالی روڈ، امریکن کوارٹرز، لال کوارٹرز، گیرا بستی، ٹنڈو یوسف،مکرانی پاڑہ، کچہ قلعہ پٹھان گوٹھ، لطیف آباد آٹو بھان روڈ برکت بھائی ٹاؤن،بسمہ اللہ سٹی،کوہساراورلطیف آباد کے مختلف یونٹس سے مہینوں سے جمع کوڑے کرکٹ کے بڑے ڈھیروں کو کلیئر کرتے ہوئے تقریباً 18ہزار ٹن گاربیج لفٹنگ کا کام کیا گیا۔ صفائی مہم میں بلدیہ اعلیٰ اورسندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کی گاربیج لفٹنگ کا کام حالیہ بارشوں کے باعث مؤخر کیا گیا ہے جسے عید الاضحی کے بعد دوبارہ شروع کیا جائے گا۔