سکھر ،جے یو آئی کے کارکنوں کی کراچی جلسے کی تیاریاں عروج پر

142

سکھر(نمائندہ جسارت) جے یو آئی کارکنوں کی جانب سے کراچی جلسہ کو کامیاب بنانے کیلیے تیاریاں تیز رہنمائوں کے طوفانی دورے اضلاع اور تحصیل اور یوسی سطح پر اجلاسوں کا انعقاد، جے یو آئی کے مقامی ترجمان مولانا عبدالحق مہر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن اور قائد سندھ علامہ راشد خالد محمود سومرو کی ہدایت پر 13 اگست کو مزار قائد کراچی پر ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسہ کو کامیاب بنانے کیلیے سندھ بھر میں جے یو آئی رہنمائوں اور کارکنوں نے سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ترجمان مولانا عبدالحق مہر کا کہنا تھا کہ گھر گھر رابطہ عوامی مہم کے ذریعے سندھ کے عوام اور عام لوگوں کی جلسہ میں شرکت کو یقینی بنائیں گے۔ سندھ کی ہر تحصیل سے کم از کم 50 گاڑیاں نکالنے کا انتظام کیا جا رہا ہے اس سلسلے میں آج جے یو آئی تعلقہ روہڑی کے امیر مولانا عبدالکریم عباسی، مولانا عبدالحق مہر نے سنگرار کے قریب یونٹ امام ابو حنیفہ کاری بکارکی مجلس عمومی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 13 اگست کو کراچی میں سندھ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کر کے ثابت کریں گے کہ پی ڈی ایم سندھ کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ 13 اگست کا جلسہ نااہل وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم اور آئندہ سندھ کے سیاسی مستقبل کا تعین کرے گا۔ اجلاس کی صدارت امیر یونٹ مولانا عبدالحمید گبول نے کی جبکہ جنرل سیکرٹری محمد سلیمان گبول، محمد حسن پھلپوٹو، مولانا عبدالواحد منگریو اور دیگر نے شرکت کی۔ دریں اثنا جے یو آئی ضلع سکھر کے رہنما بھی جمعرات کو تعلقہ روہڑی کا دورہ کریں گے۔