پاکستان، ایران توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے پُرعزم

98

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اورایران نے اسلام آباد اور تہران کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھائے جانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔پاکستان کے وزیر توانائی حماد اظہر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ان کا ملک، دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کے تحت توانائی کے شعبے میں ایران کے ساتھ تعاون کے فروغ کے لیے پختہ عزم رکھتا ہے۔ایرانی میڈیارپورٹ کے مطابق پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے وزیر توانائی حماد اظہرسے ایک ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت توانائی کے شعبے میں تعاون کی تقویت کے طریقوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایرانی سفیر نے حماد اظہر سے حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی تبدیلیوں کی روشنی میں ایران اور پاکستان کے تجارتی اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئیوزیر اعظم کے گزشتہ دورہ ایران کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کے نفاذ پر زور دیا۔